42

غلط معلومات کا پھیلاؤ غلط فہمیاں پیدا کررہا ہے، دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحد رہنے کی ضرورت، آرمی چیف

لاہور( نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ غلط معلومات کا پھیلاؤ غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے،دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد رہنے کی ضرورت ہے، پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت، کاروباری سوچ کے حامل ہیں، ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے، بیرونی مفادات کے تحت غلط معلومات کا پھیلاؤ غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ کیا جہاں انہیں لاہور کور کی فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف سے لاہور کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، اساتذہ اور طلبہ نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مستقبل کی قیادت اور مفید شہریوں کی تیاری میں تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے، ماحولیات کے شعبوں میں انسانی وسائل کی ترقی کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ بیرونی مفادات کے تحت غلط معلومات کا پھیلاؤ غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے اور غلط معلومات کا پھیلاؤ معاشرے کی ہم آہنگی کیلئے خطرہ ہے، دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحد رہنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت اور کاروباری سوچ کے حامل ہیں، پاکستانی نوجوان کو مواقع اور سازگار ماحول ملے تو ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق طویل سیشن کے دوران اساتذہ اور طلبہ نے کئی سوالات کیے اور بات چیت کو مثبت قرار دیا۔ سیشن کے دوران کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں