Skip to content

عوام نے احتجاج مسترد کردیا حکومت

عوام نے احتجاج مسترد کردیا حکومت
اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ قوم نے عمران خان کی احتجاج کی کال کو مسترد کردیاہے ‘مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ فتنہ خان کی جانب سے مہنگائی کیخلاف احتجاج کی کال دراصل اس کا اپنے خلاف احتجاج ہےجبکہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہناتھاکہ عمران صاحب عوام آپ کا جھوٹا اور منافق چہرہ پہچانتے ہیں ‘ 25 مئی کا بھگوڑا فتنہ وفساد پھیلانا چاہتا ہے‘کسی خونی اور فسادی احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی‘لوگوں کو سڑکوں پر نکالنے کا اعلان کر کے انقلاب خود بنی گالہ میں چھپا بیٹھا ہے۔تفصیلات کے مطابق جیو نیوز سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ عمران خان اپنے ایجنڈے میں ناکام ہوئے، یہ جمہوریت اور قوم کی کامیابی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف قوم کے ساتھ فراڈ کر رہے ہیں، ان کی مہم کو قوم نے مسترد کردیا ہے۔ قوم نے عمران خان کی احتجاج کی کال کو مسترد کردیا ۔ احتجاج میں اسلام آباد، لاہور، کراچی اور ڈی آئی خان میں 400 سے 500 لوگ تھے۔ادھرمسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کو مہنگائی کے خلاف احتجاج کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہمیں جن پہاڑ جیسے مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے وہ فتنہ خان کے پیدا کردہ ہیں۔اتوار کو اپنے بیان میںانہوں نے کہا کہ ‏فتنہ خان کی جانب سے مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال دراصل اس کااپنے خلاف احتجاج ہے۔ جو عمران خان بطورِ وزیر اعظم کہتا تھا کہ آلو پیاز کے ریٹ پتہ کرنے نہیں آیا اسکو اچانک سب یاد آ گیا ہے، اس سے بڑی منافقت کوئی نہیں۔دریں اثناء مریم اورنگزیب نے عمران خان کی احتجاج کی کال پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی مسلط کرنے والے انقلاب کی باہر نکلنے کی ہمت نہیں ہے‘عمران صاحب عوام آپ کا جھوٹا اور منافق چہرہ پہچانتے ہیں ، حکومت ملک کی معاشی سمت درست کر رہی ہے ‘ مہنگائی کا طوفان برپا کرنے والوں کی کال پر عوام کیوں نکلے ؟ ۔مریم اورنگزیب کا کہناتھاکہ عوام ملکی مفاد کو چند ہیروں کے عوض بیچنے کی کال پر کیوں نکلے ؟ ،عوام جھوٹے فتنہ ، منافق اور چور کی کال پر کیوں نکلے؟۔ مہنگائی، معاشی تباہی اور بیروزگاری کے ذمہ داروں کی کال پر عوام کیوں نکلے؟ ۔انہوںنے کہا کہ آٹا 35 سے 90 روپے کرنے والوں کی کال پر عوام کیوں نکلے ؟،چینی 52 سے 120 روپے کرنے والوں کی کال پر عوام کیوں نکلیں؟۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *