طاقتور حلقے سیاسی و معاشی بحران سے پریشان بجٹ کے بعد حکومت ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہوجائے گی عمران خان
اسلام آباد(خبرایجنسی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہاہےکہ انہوں نے طاقتور حلقوں کے پاؤں پکڑنے کے بجائے عوام کے پاس جانے کا فیصلہ کیا۔
طاقتور حلقےسیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہیں، بجٹ کے بعد حکومت ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہوجائیگی،موجودہ حکومت کو آئی ایم ایف کسی صورت نہیں مانے گا، عالمی اداروں کو بھی انکی نااہلی کا پورا یقین ہے۔
صحافیوں اور اینکر پرسنز سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ انہیں لگتا ہے طاقتور حلقے جاری سیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہوچکے ہیں، موجودہ صورت حال سے نکلنے کا واحد راستہ انتخابات ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ لانگ مارچ ختم ہو گیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پوری قوت سے لانگ مارچ اسلام آباد لائیں گے، ہمیں معاملات کا اندازہ ہے اور مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
حکومت کے فسطائی ہتھکنڈوں کا بھر پور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن کے ساتھ دیگر اہم تعیناتیاں کی جا رہی ہیں، پنجاب پولیس میں بھی بڑے پیمانے پر تبادلے ہو رہے ہیں۔
موجودہ حکومت کے لیے الیکشن جیتنا ناممکن ہے، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے لیے الیکشن جیتنا ناممکن ہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کے لیے انتخابی مہم چلانا بھی مشکل ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم الیکشن کی تیاری کر رہے ہیں، حکومت نے ہم پر ایف آئی آر کاٹی ہیں تاکہ کسی کو کبھی بھی جیل میں ڈال سکیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نیب قوانین میں تبدیلی پر سپریم کورٹ میں جا رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ سارا ملک اور ادارے ٹرائل پر ہیں، عوام اداروں کی طرف دیکھ رہے ہیں، اگر پُرامن احتجاج کا حق نہیں تو کہہ دیں کہ ملک میں جمہوریت ختم ہوگئی۔
عمران خان نے کہا کہ ساری قوم نیوٹرلز کی طرف دیکھ رہی ہے، پُرامن احتجاج کروں گا، دیکھتے ہیں جمہوری حق کو تسلیم کیا جاتا ہے یا نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بائیڈن انتظامیہ افغانستان میں پھنس گئی تھی۔ کبھی امریکا مخالف نہیں رہا، ٹرمپ سے اچھے تعلقات تھے۔
سابق وزیراعظم نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ کورونا کی وجہ سے رکا ہوا تھا۔