noor ul haq qadri 148

صورتحال الارمنگ، توجہ نہ دی تو مذہبی منافرت پھیل جائیگی، پیرصاحبزادہ نور الحق قادری

جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ الارمنگ صورتحال ہے اس پر توجہ نہیں دی گئی تومذہبی منافرت اور انتشار پھیل جائے گا،علماء مصلحتوں سے کام نہ لیں بلکہ کھل کر ان رویوں کیخلاف بات کریں، سیالکوٹ واقعہ پر بحیثیت مسلمان بہت شرمندہ ہوں،سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی پالیسیوں نے ملک کو زرعی پیداوار میں خودکفیل کردیا تھا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ معاشرے میں تشدد کے بڑھتے رجحان کا حل صرف قانون سازی میں نہیں ہے، اس کیلئے بہت بڑے فکری اور تربیتی نظام کی ضرورت ہے، مذہبی قیادت اور سیاسی شخصیات سمیت تمام طبقہ فکر کے لوگوں پر مشتمل کمیشن بنایا جائے جو غور کرے جھول کہاں ہے، یہ الارمنگ صورتحال ہے اس پر توجہ نہیں دی گئی تومذہبی منافرت اور انتشار پھیل جائے گا، وزیر اعظم سیالکوٹ واقعہ سے متعلق تحقیقات کی خود نگرانی کررہے ہیں۔ پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ واقعہ کے پیچھے کسی مسجد میں یا دینی شخصیت کی شعلہ بیانی نہیں ہے، تقی عثمانی صاحب سمیت دیگر مذہبی طبقات نے سیالکوٹ واقعہ کی مذمت کی ہے، نوجوان نسل کے حوالے سے بہت تشویش ہے، ہمارے رویوں میں بڑھتا تشدد اور عدم برداشت انتہائی تشویشناک ہے، مذاکرات حالات کنٹرول کرنے کیلئے کیے جاتے ہیں، ریاست کسی صورت ایسے خیالات اور پرتشدد رویوں کی سپورٹ نہیں کرسکتی ہے۔ پیر نور الحق قادری نے کہا کہ پاکستان میں توہین مذہب اور توہین رسالت کے حوالے سے واضح قوانین ہیں، اگر کوئی شخص توہین مذہب کا الزام لگا کر ایسی گھناؤنی کارروائی کرتا ہے تو کسی طور قابل قبول نہیں ہے، وزیراعظم ملک کی نوجوان نسل کا قبلہ اور نظریہ درست کرنا چاہتے ہیں، علماء مصلحتوں سے کام نہ لیں بلکہ کھل کر ان رویوں کیخلاف بات کریں، سیالکوٹ واقعہ پر بحیثیت مسلمان بہت شرمندہ ہوں۔ سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی پالیسیوں نے ملک کو زرعی پیداوار میں خودکفیل کردیا تھا، تین چار سال پہلے تک پاکستان گندم اور چینی برآمد کرتا تھا جو پی ٹی آئی کی ناقص پالیسی کی وجہ سے اب درآمد کرنا پڑرہی ہے، عمران خان کی پالیسیوں کی وجہ سے کپاس کی تیس سال کی سب سے کم پیداوار ہوئی ہے، پاکستان میں ہندوستان سے دگنی مہنگائی ہے، پاکستان مہنگائی میں دنیا میں تیسرے اور جنوبی ایشیا میں پہلے نمبر پرا ٓگیا ہے، پاکستان میں معیشت کی تباہی کی وجہ عمران خان اور کابینہ کی نااہلی ہے۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار نے آٹھ لاکھ گندم پولٹری انڈسٹری کو دینے کی اجازت دیدی، چینی 136روپے ہوگئی تب انتظامی اقدامات کر کے قیمت کم کروائی گئی پہلے اقدامات کرلیتے تو چینی مہنگی ہی نہیں ہوتی، دنیا کی سستی ترین ایل این جی چار ڈالر میں مل رہی تھی حکومت نے نہیں لی، آج دنیا کی مہنگی ترین ایل این جی 30ڈالر میں لے رہے ہیں، ایل این جی کے ایک کارگو پر 65ملین ڈالرز کا نقصان ہوا ہے، پچھلے مہینے فرنس آئل سے 1229ملین کلو واٹ آور بجلی بنائی گئی، اس حکومت کے کس شعبہ میں نااہلی نہیں ہے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ایکسپورٹ کی والیوم کم ہورہی ہے، سنتھیٹک ٹیکسٹائل او ر نٹ ویئر میں ایکسپورٹ کم ہوئی ہے، پچھلے سال 1.9ارب ڈالرز کے موبائل فون منگوائے گئے، اتنی ناکامیوں کے بعد اگر یہ حکومت نااہل نہیں تو چور ہے، پاکستان میں آج گیس کی شدید قلت ہے، ان کے بحث کرنے سے ہمارے گھروں اور فیکٹری میں گیس نہیں آئے گی، بجلی اور پٹرول کی قیمتیں تواتر سے نہ بڑھائی جائیں، عمران خان کہتے تھے پٹرول مہنگا ہونے کا مطلب ہے وزیراعظم چور ہے۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں کوئی بڑا منصوبہ نہیں لگایا گیا، سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی مرہون منت بننے والے لنگر خانوں کے علاوہ عمران خان نے کیا بنایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں