36

شفاف الیکشن ورنہ انتشار عمران کا بنی گالہ میں بیٹھ کر خطاب

شفاف الیکشن ورنہ انتشار عمران کا بنی گالہ میں بیٹھ کر خطاب
اسلام آباد(ایجنسیاں)سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اپیل پر اسلام آباد‘کراچی ‘لاہور‘پشاور ‘کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں مہنگائی کے خلاف پی ٹی آئی نے احتجاجی مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالیں ‘مظاہرین نے امپورٹڈحکومت نا منظور اور مہنگائی نامنظورکے نعرے لگائے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا۔ دریں اثناءبنی گالہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے مہنگائی کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ نیوٹرلز کو سمجھایاتھا کہ سازش ہورہی ہے اگر حکومت گرائی گئی تو آنے والوں سے نہیں سنبھالی جائے گی۔جس وقت ان کوسمجھایا گیا وہ سازش کو ناکام بنانے کا وقت تھا۔ صاف اور شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملک میں مزید انتشار پھیلے گا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج ہماری معیشت خطرے میں ہے، مجھے خوف ہے کہ ملک وہاں پہنچ جائے گا جہاں سری لنکا پہنچ گیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ اگر یہ حکمران ملک پر مسلط رہے تو اداروں کو دفن کردیں گے ان کا کہنا تھاکہ فیٹف قانون کی منظوری کے لیے ہمیں بلیک میل کیا گیا، امید ہے کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔ انہوں نےکہا کہ جب عدم اعتماد لائی گئی تو ڈالر 178 کا تھا، آج 208 کا ہے اور ہم نے روس سے تیل لینا تھا اور بوجھ عوام پر نہیں آنے دینا تھا۔ عمران کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل نے امریکی سفیر کو کہا کہ ہمیں ریلیف دلادیں، میں مفتاح اور شہباز کو بتانا چاہتا ہوں کہ امریکیوں کی نظر میں ہر ایک چیز کی قیمت ہے اور امریکا ہماری حقیقی آزادی کی قیمت لے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے بعد ملک میں ایسا کیا ہوگیا ہے کہ مہنگائی کا طوفان آگیا ہے، ہماری حکومت جانے کے بعد تمام اشیا کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں