191

سی پیک کے تحت چین سے سرمایہ کاری پر عملدرآمد شروع، پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں رسائی یقینی بنائیں گے :عمران

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی یقینی بنائیں گے ۔ عمران خان کی زیرِ صدارت سی پیک کے تحت برآمداتی صنعتوں میں بیرونی سرمایہ کاری پر جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں بتایا گیا کہ سی پیک کے تحت سپیشل اکنامک زونز میں برآمداتی صنعتوں کے قیام کیلئے چین سے براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری کی حکمتِ عملی پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے ،پاکستان میں تین بڑی بین الاقوامی موبائل کمپنیوں کے اسمبلی یونٹس کے قیام اور انکے مقامی کھپت اور برآمدات پر مثبت اثرات سے بھی آگاہ کیا گیا،وزیر اعظم نے کہا برآمداتی صنعتیں روزگار کی فراہمی، معاشی حجم میں اضافہ اور قیمتی زرِ مبادلہ کے ساتھ ساتھ عالمی منڈیوں میں ’’میڈ ان پاکستان‘‘برآنڈ کی رسائی کو یقینی بنائیں گے ۔وزیر اعظم سے وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی سید فخر امام ،میانوالی سے ارکان پارلیمان اور عوامی نمائندگان نے بھی ملاقات کی ،وزیر اعظم نے کہا زرعی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں ۔ دریں اثنا عمران خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنے والدین کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے دعا کی گئی ،تصویر میں وہ کافی چھوٹے ہیں اور اپنی والدہ، والد اور بہنوں کے ساتھ تصویر بنوا رہے ہیں۔ مزید براں وزیراعظم آج سیف سٹی پراجیکٹ اسلام آباد کے ہیڈ آفس کا دورہ اور 100 موٹرسائیکلوں پرمشتمل نئے ایگل سکواڈ کا افتتاح کریں گے ۔سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں بدنظمی کی تحقیقات مکمل ہوگئیں ،انکوائری رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں