سعودی عرب سے تجارت بڑھانے کیلئے روڈ میپ تیار کیا جائے وزیراعظم
اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر شعبے میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں، وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت بڑھانے اور معاشی تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئے روڈ میپ بنایا جائے،پاکستان میں سعودی کمپنیوں اور تاجران کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئےجائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جس نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت نوید قمر، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چودھری سالک حسین وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ، کمرشل اتاشی ، پاکستانی کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے تاجران اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔