45

سری لنکاجیسی صورتحال دور نہیں لوگ سڑکوں پر نکل سکتے ہیں

سری لنکاجیسی صورتحال دور نہیں لوگ سڑکوں پر نکل سکتے ہیں
لاہور (خبرایجنسی)سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے شہباز شریف اور آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ چوروں کو قومی اثاثوں کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے،سری لنکا جیسی صورتحال دور نہیں، لوگ سڑکوں پر نکل سکتے ہیں،ریاستی ادارے کب تک غیر قانونی دولت بچانے کی اجازت دیتے رہیں گے۔
ہفتہ کوسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ قومی اثاثوں کی فروخت کے معاملے پر امپورٹڈ حکومت پر کیسے اعتماد کیا جا سکتا ہے، قومی اثاثوں کی فروخت پر طریقہ کار، قانونی جانچ پڑتال کیسے نظر انداز ہو سکتی ہے۔

امپورٹڈ حکومت کی قیادت کرائم منسٹر کر رہے ہیں، شریف خاندان کے ساتھ زرداری کی کرپشن پر بھی کتابیں لکھی گئی ہیں، چوروں کو قومی اثاثوں کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، قوم ان پر اپنے قومی اثاثے سپرد کرنے پر کبھی اعتماد نہیں کرے گی۔ یہ لوگ پچھلے 30 سالوں سے پاکستان کو لوٹ رہے ہیں اور اب موجودہ معاشی بدحالی کے ذمہ دار ہیں۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے لکھا کہ سری لنکاکی طرح ہم اس صورتحال سے زیادہ دور نہیں جب ہمارے لوگ سڑکوں پر امڈ آئیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ 30 برسوں سے زائد مدت میں پاکستان کی لوٹ کھسوٹ سے جمع کی گئی اپنی غیرقانونی دولت بچانے کیلئے زرداری و شریف مافیا نے صرف 3 ماہ سے کچھ ہی زائد عرصے میں ملک کو سیاسی و اقتصادی طور پر گھٹنوں کے بل گرا دیا ہے، میرا سوال یہ ہے کہ ریاستی ادارے کب تک اس کی اجازت دیتے رہیں گے؟۔

انہوں نے کہا کہ قوم سے اپنے روابط اور حقیقی آزادی کی میری پکار پر ان کے جواب کے بعد میں کامل یقین سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ عوام پہلے ہی بہت کچھ سہہ چکی ہیں چنانچہ اب ان مافیاز کو لوٹ مار کاسلسلہ برقرار رکھنے کی قطعا اجازت نہیں دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں