30

سازش، انکوائری کمیشن بنے گا، رپورٹ عوام کے سامنے لائیں گے، کاغذ لہرانے والے اب عوامی کٹہرے میں ہونگے، وزیر اطلاعات

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بیرونی سازش کے حوالے سے انکوائری کمیشن کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد اور خودمختار کمیشن عمران خان کے سازش کے بیانیہ کی تحقیقات کرے گا‘عمران خان کی بے نامی فرح کوبچانے کیلئے بیرونی سازش کا الزام لگایا گیا ‘ جلسے میں کاغذ لہرالہرا کرالزام لگانے والے اب عوامی کٹہرے میں آئیں گے‘کمیشن کے قواعد وضوابط کی منظوری وفاقی کابینہ دیگی ‘ کابینہ سے منظوری کے بعد اس کمیشن کا سربراہ مقرر کیا جائے گا جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔ انکوائری رپورٹ پاکستان کے عوام کے سامنے رکھی جائے گی جس کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔بیرون ملک سازش کا ڈھونگ رچا کر یہ لوگ اپنی نااہلی، نالائقی اور لوٹ مار کو چھپانا چاہتے ہیں۔ عمران خان بیرون ملک سازش کا نہیں بلکہ گوگی کو بچانے کا رونا رو رہے ہیں‘ان کی تمام الزام تراشیاں گوگی بچائو تحریک کا حصہ ہیں، عمران خان کے اتحادی جب انہیں چھوڑ کر گئے تو انہیں سازش نظر آنا شروع ہوگئی، اس سازشی ٹولے نے قومی خزانے اور توشہ خانہ کو بے دردی سے لوٹا، کارٹلز اور مافیاز کے فائدہ کے لئے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا، بجلی کے منصوبوں کو بند کیا، سی پیک کی رفتار کو سست کیا، خارجہ پالیسی کو فروخت کیا اور دوست ممالک کو ناراض کیا، آج چار سال بعد عوام کو سستی چینی اور آٹا مل رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی میں کمی کے لئے تین ہفتوں میں جو اقدامات اٹھائے وہ پچھلے چار سال میں نہیں اٹھائے گئے۔ جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ چار سال نالائقی، نااہلی اور لوٹ مار کا بازار گرم تھا‘ان تمام پالیسیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جن کی وجہ سے پاکستان کے عوام اس وقت مہنگائی کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔چار سال تک وزارت عظمیٰ کی کرسی پر مسلط شخص نے کارٹلز مافیاز کی سربراہی کی، اپنی نااہلی اور لوٹ مار سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا، آج اقتدار کی کرسی سے اترنے کے بعد وہ صرف اور صرف فرح گوگی کو بچانے کی تحریک چلا رہے ہیں، اسے عوام سے کوئی سروکار نہیںجبکہ کرائے کے ترجمان جو پہلے کہتے تھے کہ ہمارا فرح گوگی سے کوئی تعلق نہیں، آج صبح دوپہر شام قطاروں کے ساتھ فرح گوگی کی ترجمانی میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بیرون ملک سازش نہیں ہوئی۔جو بیرون ملک سازش کر رہا تھا اسے 16 مارچ کو ایمبیسی میں اہم مقرر کے طور پر بلایا جاتا ہے۔ عمران خان کے جلسوں کا شیڈول گوگی کو بچانے کے لئے دبائو ہے۔ فرح گوگی کے ہاتھوں پنجاب میں دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں