زمران رینج سکیورٹی فورسز کا BLF کیخلاف آپریشن6 دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی (اے پی پی) بلوچستان میں سیکورٹی فورسز نے کارروائی میں مختلف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث6دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اورگولہ بارود برآمد کرلیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق بلوچستان کے علاقہ پاروم کی نزدیکی مرکزی زمران پہاڑی علاقہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع کی بنیاد پر سیکورٹی فورسز نے انکی گرفتاری کیلئے آپریشن کیا۔ جب سیکورٹی فورسز نے علاقہ میں کلیئرنس آپریشن شروع کیاتو دہشت گردوں نے اپنے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی اور اس دوران سیکورٹی فورسز پرفائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلہ میں بی ایل ایف سے تعلق رکھنے والے چھ دہشت گرد مارے گئے۔ مارے جانے والے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملہ کے علاوہ پنجگور کے علاقہ پروم اور گردو نواح میں سیکورٹی فورسز کے قافلوں پر بارودی سرنگیں بچھانے میں ملوث تھے۔ اس کے علاوہ دہشت گردوں سے اسلحہ اورگولہ بارود بھی درآمد ہوا ہے جو علاقہ میں امن و امان کو خراب کرنے کیلئے استعمال ہونا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، سلامتی اورترقی کے عمل کوسبوتاژ کرنے کی کوششوں سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہیں۔