Skip to content

دہشت گردی کی لہر شدید، پنجگور اور نوشکی میں فورسز پر حملہ، 7 فوجی شہید، 15 دہشت گرد مارے گئے، نوشہرہ پولیس موبائل پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید

کراچی،کوئٹہ، راولپنڈی،اسلام آباد، لاہور ( مانیٹرنگ نیوز)دہشتگردی کی لہر شدید،پنجگور اور نوشکی میں فورسز پر حملہ،7شہید، 15 دہشتگرد بھی مارے گئے،، نوشکی میں 12اہلکار زخمی، شہداء میں ایک افسر بھی شامل، نوشہرہ میں پولیس موبائل پر فائرنگ،2اہلکار شہید،چھپے ہوئے حملہ آوروں کا گھیرا تنگ، دہشتگردوں کے افغانستان اور بھارت میں رابطوں کا انکشاف،وزارت داخلہ کا پورے ملک میں ریڈ الرٹ جاری،آئی ایس پی آر کاکہناہےکہ شمالی وزیر ستان میںبھی آپریشن کرکے بڑی تعداد میں ہتھیار اور آئی ای ڈیز برآمد کرلی گئیں، پنجگور اور نوشکی میںدہشت گردوں کوفوری جواب دیا ،وزیر اعظم عمران خان نے کہاہےکہ بہادر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں ، قوم پیچھے کھڑی ہے،وزیرداخلہ شیخ رشید نےکہاہےکہ سکیورٹی فورسزکسی بھی قسم کی دہشتگردی کیخلاف لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں ۔ بلوچستان کے علاقوں پنجگور اور نوشکی میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بناتے ہوئے کلیئرنس آپریشن میں ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 15 جبکہ پاک فوج کے 7جوان شہید اور 3زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فوجی کیمپس پر حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 15دہشت گردوں کو ہلاک کردیا،نوشکی میں دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9دہشت گرد ہلاک اور ایک افسر سمیت سیکورٹی فورسز کے 4اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔دوسری جانب پنجگور میں فورسز پر حملے میں6دہشت گرد مارے گئے جبکہ 3 فوجی شہید اور 4 زخمی ہوئے، سکیورٹی فورسز نے 4سے 5دہشت گردوں کو گھیرے میں لے رکھا ہے، دہشت گردوں کے رابطے بھارت اور افغانستان سے ملتے ہیں۔دوسری جانب نوشہرہ کے علاقے جلوزئی میں بھی پولیس موبائل پر فائرنگ سے 2 پولیس اہلکارشہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ نوشہرہ جلوزئی کے علاقہ ارنڈو خوڑ میں پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ اس دوران نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس موبائل پر فائر نگ شروع کر دی جس میں موجود اے ایس آئی فیاض اورکانسٹیبل سجاد زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہو گئے ۔ ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہوگیا، جس کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچایا گیا، پولیس نے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لئے تلاش شروع کردی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملے کو پسپا کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔ وزیر اعظم عمران خان نےکہا کہ ہم اپنی بہادر سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بلوچستان کے علاقے پنجگور اور نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنایا، قوم ہماری سیکورٹی فورسز کے پیچھے متحد کھڑی ہے جو ہماری حفاظت کے لیے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بلوچستان کے علاقے پنجگور اور نوشکی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں اور شہید فوجیوں کی تعداد سے معلومات فراہم کی ہیں، دہشت گردوں کو دونوں جگہوں سے پسپا کر دیا گیا اور پاک فوج نے اپنی روایت کو زندہ رکھا، پنجگور میں 4 سے 5 افراد فوج کے گھیرے میں ہیں جنہیں پاک فوج شکست دے گی، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج نے یہ ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ وزیر داخلہ نے سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی کے خلاف لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *