50

دھرنا ختم، 6 دن بعد دوبارہ آؤں گا، عمران خان

دھرنا ختم، 6 دن بعد دوبارہ آؤں گا، عمران خان
اسلام آباد(ایجنسیاں)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کوڈیڈلائن دی ہے کہ 6دن میں اسمبلیاں تحلیل اورعام انتخابات کا اعلان کیا جائے ‘اگرایسانہ ہواتو ملک بھرسے کارکنوں کو لیکر دوبارہ اسلام آباد آؤں گا۔عمران خان کی قیادت میں گزشتہ روز صوابی سے شروع ہونے والا آزادی لانگ مارچ جمعرات کی صبح اسلام آباد میں ڈی چوک کے قریب پہنچا جہاں جناح ایونیو پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قوم نے اپنے خوف پر قابو پالیا ہے‘انہوں نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا تھا کہ یہاں اس وقت تک بیٹھوں گا جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دیتے اور اسمبلی ختم نہیں کرتے لیکن گزشتہ 24گھنٹے میں جو حالات دیکھے ہیں یہ ملک کو انتشار کی طرف لے کر جا رہے ہیں ۔ اگر میں یہاں بیٹھ جاؤں تو یہ خوش ہوں گےکیوں کہ یہ لوگ پولیس اور فوج سے ہماری لڑائی کروانا چاہتے ہیں لیکن یہ پولیس بھی ہماری ہے ، فوج بھی ہماری ہے اور عوام بھی ہمارے ہیں‘ہم ملک کو تقسیم کرنے نہیں آئے بلکہ قوم کو بنانے کے لیے آئے ہیں‘یہ ہمیں اپنے فوج کے بھی خلاف کررہے ہیں۔انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوفزدہ کیا جاتا ہے کہ جب تک امریکا نہ چاہے کوئی اقتدار میں نہیں آسکتا‘راستے میں نوجوان ،ضعیف، پڑھے لکھے ہرطرح کے لوگوں کو دیکھا،ہمیں ممی ڈیڈی پارٹی کہتے تھے، جس طرح آنسو گیس اور شیلنگ سے مقابلہ کیا سب نے دیکھا، آزادی تحریک کو ناکام کرنے کے لئے ہر طرح کے حربے استعمال کئے، قوم حقیقی آزادی کے لئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہے۔قوم مجرموں کوحکومت کرنے نہیں دے گی، عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کس ملک میں ایسا ہوتا ہے کہ پر امن احتجاج والوں پر آنسو گیس پھینکی جائے، اٹک اور راوی پل پر ہمارے دو کارکنوں کو شہید کیا گیا، کراچی میں تین کارکنوں کو شہید کیا گیا، مجھے بتایا جائے میں نے کب قانون توڑا ہے،سپریم کورٹ سے انصاف چاہتا ہوں‘جو سازش کا حصہ تھے وہ سب بے نقاب ہوگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں