نوشکی(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے نوشکی میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے قربانیاں دینے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر اور اعتماد ہے کہ دہشت گرد کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے‘ دہشت گردوں کے پیچھے وہ قوتیں ہیں جو پاکستان کو ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتی ہیں‘ اس کیلئے کہیں اور سے فنڈنگ کی جا رہی ہے‘ہم صوبہ کو اتنی ترقی دیں گے کہ باہر بیٹھ کر جو دشمن ملک کے اندر انتشار پھیلا رہے ہیں ان کی بات کوئی نہیں سنے گا‘ سی پیک کے اگلے مرحلے میں بلوچستان کوسب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نوشکی میں جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ بلوچستان کے ضلع نوشکی پہنچے جہاں انہوں نے دہشتگرد حملہ پسپا کرنے والے فوجیوں سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے آپریشن میں حصہ لینے والے نوجوانوں سے مصافحہ ‘ان کی حوصلہ افزائی اور ان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ہماری بہادر افواج نے جس طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں اور کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے کسی ملک کی فوج نے اس طرح کی جنگ نہیں لڑی‘ وزیراعظم نے اس موقع پر ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں15فیصداضافہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دنیابھرکی طرح پاکستان بھی مہنگائی کی لپیٹ میں ہے‘ مجھے احساس ہے کہ ہمارا تنخواہ دار طبقہ تکلیف میں ہے‘جیسے جیسے آمدنی بڑھتی جائے گی تنخواہ دار طبقہ کی تنخواہیں بڑھائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں کسی حکومت نے بلوچستان کی ترقی پر اتنا پیسہ خرچ نہیں کیا جتنا ہماری حکومت نے کیا، چمن۔کوئٹہ۔کراچی شاہراہ کی تعمیر کے بڑے منصوبے کا آغاز ہم نے کیا جس کیلئے فنڈز بھی مختص کر دیئے ہیں۔عمران خان کا کہناتھاکہ رواں سال ریکارڈ ٹیکس جمع ہوئے ہیں، ہماری حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ بلوچستان گلگت بلتستان اور سابق قبائلی اضلاع ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں، جیسے جیسے معاشی حالات بہتر ہوں گے اور آمدن میں اضافہ ہو گا پسماندہ رہ جانے والے علاقوں پر خصوصی توجہ دیں گے۔
دشمن پاکستان توڑنا چاہتا ہے، دہشت گردوں کو فنڈنگ ہورہی ہے، ان کو ترقی سے شکست دیں گے، فوج پر فخر اور اعتماد ہے، عمران خان
- by akhtar