55

آئندہ کسی مارچ کو دارالحکومت میں داخل نہیں ہونے دینگے

مستقبل میں کسی فسادی لانگ مارچ، جلوس کو دارالحکومت میں داخل نہیں ہونے دینگے، وزیر داخلہ
اسلام آباد (نمائندہ نیوز)وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ فسادی جتھے اور شر پسند عناصر کے ہاتھوں ملک کو یرغمال بننے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی، مستقبل میں کسی بھی فسادی لانگ مارچ، جلوس کو دارالحکومت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، شہریوں کے جان ومال کی ذمہ داری ریاست کی ہے، ریاستی ادارے امن وامان کو ہرصورت یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پی ٹی آئی لانگ مارچ اورامن وامان کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں 25 مئی کے لانگ مارچ کے نتیجہ میں ملک بھر میں ہونے والے جانی ومالی نقصانات ، شرپسند عناصر کی پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں اور گاڑیوں سے برآمد اسلحہ کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔اجلاس میں سیاسی جماعت کے بہروپ میں پرتشدد جلسے جلوسوں کوسختی سے روکنے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے ، اسلام آباد میں فتنہ، فساد اور شر پھیلانے والے جلسے، جلوسوں کے داخلے پرمستقل پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد انتظامیہ کو فسادی مارچ کا راستہ روکنے کیلئے مزید موثر اقدامات لینے کی ہدایت کی گئی۔ ریاست کی طرف سے امن و امان کو ہاتھ میں لینے والے شر پسند عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے جبکہ دارالحکومت میں جلسے جلوسوں کو انتظامیہ کے ساتھ تحریری معاہدوں کے بعد اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ فسادی جتھوں کے ہاتھوں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پولیس کانسٹیبل کمال احمد کی شہادت کا واقعہ بہت دلخراش ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں