34

خطے میں پاکستان کا کردار کلیدی، پاک فوج سے مضبوط عسکری تعلقات جاری رہیں گے، تسلیم کرتے ہیں پاکستانی عوام اپنے ہی ملک کے اندر دہشت گردی کا شکار ہیں، پینٹاگون

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ خطے میں پاکستان کا کردار کلیدی ہے ،امریکا کے پاک فوج کے ساتھ مضبوط عسکری تعلقات ہیں ،مستقبل میں بھی عسکری تعلقات کے تسلسل کے لیے پرعزم ہیں، پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا اور کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان اور اس کے عوام خود اپنے ہی ملک کے اندر دہشت گرد حملوں کا شکار ہیں، امریکا کے پاک فوج کے ساتھ مضبوط عسکری تعلقات ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ یہ تعلقات مستقبل میں بھی اسی طرح جاری رہیں گے،پریس بریفنگ دوران گفتگو کرتے ہوئے پینٹاگون کے ترجمان نے کہا کہ خطے میں سلامتی اور استحکام کے حوالے سے امریکا کے پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات ہیں۔پاکستان میں موجودہ سیاسی بحران کے پیش نظر فوج کی ممکنہ مداخلت سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ اس معاملے میں امریکی فوج کا کوئی کردار نہیں دیکھ رہے ، انہوں نے دوبارہ واضح کرتے ہوئے کہا کہ ’میں یقینی طور پر پاکستان کی داخلی سیاست پر بات نہیں کروں گا ،شہباز شریف کے بطور وزیر اعظم انتخاب اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے امریکا کے خلاف حکومت کی تبدیلی میں کردار ادا کرنے کے الزامات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں جان کربی نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ہم پاکستان کی اندرونی سیاست کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ جان کربی نے شہباز شریف حکومت کیساتھ مستقبل میں تعلقات کے سوال کے جواب میں کہا کہ ابھی تک نئے وزیراعظم یا نئی حکومت سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں