Skip to content

بھارت نفرت کی آگ میں جل جائے گا، صدر علوی، دنیا نسل کشی کا نوٹس لے، وزیراعظم، مسئلہ حل کرانے کا وقت آگیا، آرمی چیف

اسلام آباد،راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں )یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں صدر مملکت عارف علوی نے کہابھارت نفرت کی آگ میں جل جائیگا، ہمیں بھارت کے آئین سے سروکار نہیں لیکن اس میں کشمیر کا لفظ پسند نہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیر نہ کبھی ہندوستان کا تھا، نہ ہے اور نہ ہو گا، کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت حراستی تشدد، پیلٹ گنوں کے استعمال اور گھروں کو مسمار کرنے میں ملوث ہے،بھارتی اقدامات سے جنوبی ایشیا اور دنیا میں سنگین اثرات مرتب ہوں گے، کشمیری 70 سال سے قربانیاں دے رہے ہیں، حق خودارادیت کیلئے انکے بے مثال عزم کو تحسین پیش کرتے ہیں ، ہندوستان میں مسلمانوں پرظلم ہورہاہے، پیلٹ گن سے کشمیریوں کو نابینا کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان پورے عزم کیساتھ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیساتھ کھڑا ہے،دنیا نسل کشی کا نوٹس لے، مودی کی فسطائی پالیسیاں کشمیر کی مزاحمت کی روح کچلنے میں ناکام رہی ہیں، وقت آگیا ہے دنیا بھارتی مظالم ، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے، کشمیر میں غیرجانبدارانہ استصوابِ رائے کا اہتمام عالمی برادری کے ذمہ ہے۔
اقوامِ عالم مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حالتِ زار کونظرانداز نہ کریں جبکہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کا وقت آگیا ، جدوجہد آزادی پر کشمیری عوام کو سلام پیش کرتے ہیں، اور ان کے عزم اور دلیرانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انسانی المیے کو ختم کرنےکا وقت آگیا ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر قائم ہے، حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، کشمیری ناجائز بھارتی قبضے کیخلاف جرات مندانہ جدوجہد میں ضرور سرخرو ہوں گے، آج پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے، مسئلہ کشمیر سے متعلق فیصلہ کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہوگا۔
مسئلہ کشمیر کا حتمی فیصلہ غیر جانبدارانہ استصواب رائے سے کیا جائے گا، مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانے مسائل میں سے ایک ہے، بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوسکا،کشمیری عوام 7 دہائیوں سے ظلم کیخلاف برسر پیکار ہیں۔
بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کر رہا ، بھارت ماورائے عدالت قتل اور جعلی مقابلوں میں ملوث ہے، 9 لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ وادی کو جیل میں بدل دیا، آر ایس ایس اور بی جے پی کی تحریک آزادی کنٹرول کرنے کی کوشش ناکام رہی۔
5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، کشمیر میں بھارتی اقدامات سے خطے میں امن کوششوں کو نقصان پہنچا، بھارتی اقدامات سے جنوبی ایشیا اور دنیا میں سنگین اثرات مرتب ہوں گے، عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کا محاسبہ کرے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *