Skip to content

ایک سال مہنگائی رہے گی اگلے سال اضافہ 20 فیصد تک دیکھ رہے ہیں گورنر اسٹیٹ بینک

ایک سال مہنگائی رہے گی اگلے سال اضافہ 20 فیصد تک دیکھ رہے ہیں گورنر اسٹیٹ بینک
کراچی(ایجنسیاں)اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ میں 125بیسس پوائنٹس اضافہ کرتے ہوئے شرح سود 13.75فیصد سے بڑھاکر 15 فیصد کردی۔ قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضیٰ سیدنے کہا کہ ہم ماہانہ بنیاد پر مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں‘اس وقت حالات خراب ‘صورتحال بڑی مشکل ہے ‘ایک سال تک مہنگائی رہے گی لیکن کوشش کریں گے کہ اشیا خورد نوش کی قیمتیں مزید نہ بڑھیں‘عالمی مسئلے کے ساتھ ساتھ اندرونی سطح پر بھی چند وجوہات ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی بڑھی ہے‘ ملک میں دوسال ترقی کی شرح 6فیصد رہی جس کی وجہ سے مسائل شروع ہوگئے ‘کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں کو مانیٹری پالیسی سے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا‘ سالانہ بنیاد پر ہونیوالی مہنگائی بدقسمتی سے اگلے 12 مہینوں کیلئے 18سے20فیصد رہے گی۔عام آدمی پر بہت دباؤ ہوگا تو کوشش کریں گے غریب طبقے کو بچایا جا سکے اورامیرافراد کوشش کریں کہ ٹیکسز اور قیمتوں کا بوجھ زیادہ اٹھائیں ‘آئندہ مالی سال شرح نمو 3سے 4فیصد ہو گی ‘عام آدمی کو ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے قائم مقام گورنراسٹیٹ بینک ڈاکٹرمرتضی سید نے کہاکہ بجلی اور پٹرول پر سبسڈی ختم کر نے کی وجہ سے عام آدمی پر بہت دبائو آرہا ہے‘ہماراسب سے اہم مقصد مہنگائی کنٹرول کر نا ہے‘دنیا بھر میں ماحول غیریقینی ہے‘ مہنگائی بہت زیادہ ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جو صورتحال بنی ہوئی ہے وہ بڑی مشکل اورغیریقینی ہے‘دنیا بھر کے مرکزی بینکوں کے سربراہان پریشان ہیں کیونکہ دنیا بھر میں مہنگائی ہورہی ہے اور اس قسم کی مہنگائی ہم نے کوئی50سے 60برسوں بعد دیکھی ہے لیکن جس طرح ہم نے کووڈ کا مقابلہ کیا تھااسی طرح اس مرحلے سے بھی نکل آئیں گے‘گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اگر ہم شرح سود آج نہیں بڑھاتے تو خدا نخواستہ مزید برے نتائج ہوسکتے تھے‘مہنگائی پر کنٹرول کرنا مشکل ہوجاتا، ہائپر انفلیشن ہوسکتی تھی‘ حالات اس وقت بھی خراب ہیں لیکن اس سے بھی زیادہ خراب ہوسکتے تھے۔ انہوںنے کہاکہ ہم ماہانہ بنیاد پر مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *