Skip to content

آلو، ٹماٹر قیمتیں نہیں، قوم بنانے کیلئے سیاست میں آیا، حکومت کے بجائے 3 چوہے شکار ہونگے، عمران خان

حافظ آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپوزیشن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ قوم آنیوالے دنوں میں حکومت گرنے کے بجائے3چوہے شکار ہوتے دیکھے گی‘سیاست میں اس لیے نہیں آیاکہ ٹماٹراورآلو کی کیا قیمت ہے؟ سیاست میں صرف پاکستانیوں کو ایک قوم بنانے کیلئے آیا‘ گزشتہ 25سال سے اپنی قوم میں تبلیغ کر رہا ہوں کہ اگر عظیم قوم بننا ہے تو اچھائی کا ساتھ دینا ہو گا۔لیڈر کبھی کسی کے آگے نہیں جھکتا‘ پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ میری سب سے بڑی ذمہ داری ہے‘دوسروں کو خوش کرنےکیلئے ملک کو نقصان پہنچانے کی اجازت کبھی نہیں دوں گا‘ ہم ایک آزاد ملک ہیں کسی کے غلام نہیں ہیں‘حکومت گرانے کیلئے چوری کے پیسے سے ضمیر خریدے جا رہے ہیں لیکن اپوزیشن کو اپنے مقصد میں ناکامی ہوگی‘لوگوں کے ضمیر خریدنے پر ریاست ، عوام، عدلیہ اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کے خلاف کھڑے ہوں‘معیشت درست سمت میں ترقی کر رہی ہے اور آئندہ ڈیڑھ سال میں مزید ترقی کریں گے‘ ملک بھر اور بالخصوص پنجاب میں وہ کام کر کے دکھائیں گے جو ماضی میں نہیں ہوا ہو گا‘حکومت نے ملک میں پناگاہیں بنائیں‘صحت کارڈ لائی ‘احساس راشن پروگرام اور یکساں نصاب متعارف کرایا ‘26لاکھ اسکالرشپس دے رہے ہیں ‘غریب طبقے کو گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرضے فراہم کئے ‘روس کے صدر نےمجھے عزت دی، تین گارڈ آف آنر پیش کیے، صدر ٹرمپ نے عزت دی کیونکہ اس کو پتہ تھا میں دو نمبری نہیں ہوں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کو حافظ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے ایک بار پھر یورپی یونین پر تنقید کی اور کہا کہ یورپی سفیروں نے خط لکھا روس کی مذمت کریں، یہ سفارتی آداب کے خلاف ہے کہ سفیر کھلا خط لکھیں، میں نے یورپی سفیروں پر صحیح تنقید کی اور میں نے پوچھا بھارت کو اس طرح خط لکھنے کی جرات ہے؟۔ وزیراعظم نے کہاکہ میں نے یورپی یونین پر ٹھیک تنقید کی تھی، یورپی یونین پر تنقید کی تو فضل الرحمان نے کہا عمران خان نے بڑاظلم کردیا، باہر سے کوئی گورا آتا ہے تو شہباز شریف تو جلدی جلدی ٹائی سوٹ پہن لیتا ہے، شہباز شریف کہتا ہے انگریزوں پر تنقید کرکے ظلم کردیا۔اس پر انہوں نے طنز کیا کہ کانپیں ٹانگ رہیں، بلاول کہتا ہے عمران نے پاکستان پر ظلم کردیا ۔انہوں نے کہا کہ جب کوئی قوم ظلم کے خلاف کھڑی نہ ہوتو ظلم بڑھ جاتا ہے، کرپشن کے خلاف نہ اٹھیں تو کرپشن بڑھ جاتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈرون حملوں کی مخالفت پر اس وقت مختلف ممالک کے سفیروں نے کہا تھا کہ آپ ڈرون حملوں کی مخالفت کیوں کرتے ہیں اس سے تو دہشت گرد مارے جا رہے ہیں جس پر میں نے کہا کہ ہمارا ایک دہشت گرد لندن میں 30سال سے بیٹھا ہوا ہے جس نے کراچی میں اتنے لوگوں کوقتل کیا ہے جو کسی اور نے نہیں کئے لیکن فرق یہ ہے کہ اس نے پاکستانی قتل کئے ہیں اور مانگنے پر بھی اس کو ہمارے حوالہ نہیں کیا جا رہا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *