172

آزادی کی نعمت کا احساس انمول ہے, ڈاکٹر عارف علوی

یوم آزادی کی مرکزی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی کی پروقار تقریب میں آمد پر بگل بجائے گئے۔ اس موقع پر سائرن بجایا گیا۔ صدر مملکت نے سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ سمیت مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آزادی کی نعمت کا احساس انمول ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے لئے جو قربانیاں دی گئیں، وہ کبھی بھلائی نہیں جاسکتیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم نے اپنے عزم، ہمت اور حوصلے سے دہشتگردی، بیرونی جارحیت اور قدرتی آفات جیسے چیلنجز پر قابو پایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک مضبوط قوم کے طور پر ابھر رہے ہیں اور ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں، خطے میں اسلحے کی دوڑ پائیدار امن کے حصول میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا گیا، مگر ہم نے اپنے دشمنوں کو اس جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ریاست مدینہ کا خواب ایک جستجو ہے کہ سرکار مدینہ نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺ نے جو حقیقی فلاحی ریاست قائم کی، اس جانب پاکستان پیش قدمی کرتا رہے۔ تقریب کے دوران خوبصورت ملی نغمے اور کلام اقبال بھی پیش کیا گیا، جس نے ولولہ آزادی کو مزید ابھارا۔ طلبہ و طالبات کی جانب سے مسحور کن دھنوں پر بنائے گئے غیر معمولی پذیرائی حاصل کرنے والے ملی نغموں کے حسین امتزاج نے تقریب کو مزید پرجوش بنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں