اقتصادی سروے میں ثابت ہوگیا ملک 2 سال سے ترقی کررہا تھا، عمران خان
اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک زندہ ہوں قوم کی آزادی کی جنگ لڑتا رہوں گا۔تحریک انصاف کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے عمران خان کے تحریری بیا ن میں کہاگیاکہ زندگی اور موت اللّہ کے ہاتھ میں ہے۔ ہم سیاست نہیں بلکہ ان چوروں اور غلاموں کے خلاف جہاد کر رہے ہیں۔ دریں اثناء اقتصادی سروے پر اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ اکنامک سروے پیش کیا گیا ہے‘ گروتھ ریٹ ثابت کرتا ہے پاکستان پچھلے دوسال میں ترقی کررہا تھا‘لوگوں کو اب پتا چلے گا کہ مہنگائی کیا ہوتی ہے؟،اگر اسی طرح ملک چلتا رہا تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے‘خدانخواستہ پاکستان دیوالیہ نہ ہوجائے‘ہمارا سارا ڈیمز کا پراجیکٹ خطرے میں پڑگیا‘ اس حکومت کے آنے سے باہر سے قرضے لینا مشکل ہوگیا‘موجودہ حکمراں آئی ایم ایف کا دباؤبرداشت نہیں کرسکتے ‘ابھی لوگوں کو نئے مہینے کے بل آئیں گے تو انہیں مہنگائی کا اصل اندازہ ہوگا‘عمران خان نے کہا کہ مشرف دور سے زیادہ ہماری حکومت میں ترقی ہوئی‘ہماری حکومت کے آخری دو سال میں ملک کی آمدنی میں اضافہ ہوا، اکنامک سروے کے مطابق 32 ارب ڈالر ایکسپورٹ بڑھی، ہماری حکومت میں اوورسیز پاکستانیوں نے 31 ارب ڈالر بھیجے، بیرون ملک پاکستانیوں کو اعتماد تھا عمران خان لندن میں گھر نہیں بنا رہا‘چار اعشاریہ چار فیصد ایگری کلچر میں گروتھ ہوئی‘چھ ہزار 100 ارب ہم نے ٹیکس اکٹھا کیا، لارج اسکیل مینوفیکچر میںگروتھ ہوئی، ٹیکسٹائل سیکٹر کی ریکارڈ گروتھ ہوئی۔ہماری حکومت میں سب سے زیادہ روزگار ملا،موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ منفی کر دی ہے، اب اگر قرض ملیں گے تو مہنگے قرض ملیں گے‘ان کی حکومت میں مہنگائی ہماری حکومت سے تین گنا زائد بڑھے گی، مہنگائی کی شرح کم از کم 20 فیصد تک جائے گی،ان کے پاس لوگوں کو بجلی دینے کے لیے پیسے ہی نہیں، موڈیز کے منفی ریٹنگ کرنے پر مزید مشکلات آئیں گی۔