147

اسرائیلی حملے میں تباہ میڈیابلڈنگ کامالک عالمی عدالت پہنچ گیا

غزہ میں فضائی حملے میں تباہ ہونیوالی میڈیا بلڈنگ کا مالک اسرائیل کیخلاف مقدمہ لے کر عالمی عدالتِ انصاف پہنچ گیا، دوسری جانب حکومتِ فلسطین نے بھی بین الاقوامی عدالت میں اسرائیل کیخلاف جنگی جرائم کا مقدمہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی حملے میں تباہ ہونیوالی میڈیا بلڈنگ کے مالک کا کہنا ہے کہ عمارت پر حملہ جنگی جرم ہے، جس کے بارے میں اسرائیل تاحال جواز پیش نہیں کرسکا۔

اسرائیل نے غزہ میں کثیر المنزلہ عمارت کو بمباری کرکے تباہ کردیا تھا جس میں اے پی اور الجزیرہ سمیت دیگر بین الاقوامی میڈیا گروپس کے دفاتر موجود تھے۔

دوسری جانب حکومتِ فلسطین نے بھی عالمی عدالت میں اسرائیل کیخلاف مقدمہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ فلسطینی حکومت اسرائیل کیخلاف جنگی جرائم کا مقدمہ دائر کرے گی، اس سلسلے میں جنگی جرائم کی عالمی عدالت آئی سی سی سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ پر 27 رمضان المبارک کو اسرائیلی فوج کے حملے اور فائرنگ میں سیکڑوں فلسطینی زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد کشیدگی میں اضافے اور فلسطینیوں کیخلاف مسلسل کارروائی پر حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ کا آغاز ہوا، 10 مئی کے بعد سے صہیونی فوج کے فضائی حملوں میں غزہ میں 240 سے زائد فلسطینی شہید اور ایک ہزار 900 سے زائد زخمی ہوئے، درجنوں عمارتیں تباہ ہوئیں اور 91 ہزار افراد بے گھر ہوئے۔

حماس کی جانب سے بھی اسرائیلی شہروں پر سیکڑوں راکٹ فائر کئے گئے جن میں 12 اسرائیلی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔

عالمی کوششوں کے باعث اسرائیل جنگ بندی پر راضی ہوگیا تاہم جنگ بندی کی منظوری کے باوجود اسرائیلی فوج نے (جمعہ کو) مسجدِ اقصیٰ سے ملحقہ صحن میں دوبارہ کارروائی کی اور جشن منانے والے فلسطینیوں پر حملہ کردیا، جس میں کئی افراد زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں