کورونا وائرس 209

فلپائن کے بعد ہانگ کانگ میں کورونا سے ہلاکت

فلپائن کے بعد ہانگ کانگ میں کورونا وائرس سے ہلاکت سامنے آگئی جبکہ اس مہلک وائرس کے مرکز چین میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 438 سے تجاوز کر گئی.نیم خود مختار شہر ہانگ کانگ میں وائرس سے متاثرہ 39 سالہ شخص وائرس ہلاک ہوا جس نے وبا کے مرکز شہر ووہان کا دورہ کیا تھا اور گزشتہ ہفتے وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد سے تنہائی میں رکھا گیا تھا.یہ چین سے باہر کورونا وائرس سے ہونے والی دوسری ہلاکت ہے اس سے قبل فلپائن میں 44 سالہ چینی شخص اس وائرس کا شکار ہونے کے بعد لقمہ اجل بنا تھا ہانگ کانگ میں اب تک 15 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جس میں سے ایک مقامی طور پر منتقل ہوا.

دوسری جانب ملائیشیا نے اپنے پہلے شہری میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق کردی جبکہ ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 10 تک پہنچ گئی ہے 41 سالہ ملائیشین شہری نے گزشتہ ماہ سنگاپور گیا تھا جہاں اس کی ملاقات اپنے چینی ساتھیوں سے ہوئی جس میں ایک شخص کا تعلق ووہان سے تھا تاہم ملائیشیا آنے کے ایک ہفتے بعد اس میں وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں.چین میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ووہان کے مضافات میں 10 روز کی ریکارڈ مدت میں جدید طبی آلات پر مشتمل ایک ہزار بستروں پر مشتمل نیا ہسپتال تعمیر کیا گیا تھا.منگل کے روز اس ہسپتال میں پہلے 50 مریضوں کو منتقل کردیا گیا جبکہ 1600 بستروں پر مشتمل ایک اور ہسپتال بھی زیر تعمیر ہے اس کے علاوہ حکام ایک جمنازیم، نمائش گاہ اور ثقافتی مرکز کو ہسپتال میں تبدیل کررہے ہیں جہاں 3 ہزار 400 بسترد دستیاب ہوں گے اور وائرس کی معمولی علامات والے مریضوں کو رکھا جائے گا.تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 20 ہزار 600 سے تجاوز کرچکی ہے جس میں 20 ہزار 438 مریضوں کا تعلق چین سے ہے علاوہ ازیں ہانگ کانگ میں ایک ہلاکت جبکہ 15 تصدیق شدہ کیس اور میکاو میں 10 کیس سامنے آئے پیں. دنیا کے دیگر ممالک میں جاپان میں 20، تھائی لینڈ میں 19، سنگاپور میں 18، جنوبی کوریا میں 16، امریکا میں 11، جرمنی میں 12، تائیوان میں 10، ملائیشیا میں 8، آسٹریلیا میں 7، ویتنام میں 9، فرانس میں 6، متحدہ عرب امارات میں 5، کینیڈا میں 4، بھارت میں 3، فلپائن میں ایک ہلاکت کے علاوہ 2، اٹلی، برطانیہ، نیپال میں 2، 2 جبکہ سری لنکا، سویڈن، اسپین، کمبوڈیا اور فن لینڈ میں کورونا وائرس کے ایک، ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے.خیال رہے کہ دنیا کے 20 ممالک تک پھیل جانے کے باعث عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو عالمی ہنگامی صورتحال قرار دے دیا تھا متعدد ممالک سفری پابندیاں عائد کرچکے ہیں جبکہ کئی ایئرلائنز نے چین سے اپنی پروازیں معطل کردی تھیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں