بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچز سیریز کے لیے بنگلہ دیشی ایئر لائن کے ذریعے صوبائی دارالحکومت لاہور پہنچ گئی۔ 206

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچز سیریز کے لیے بنگلہ دیشی ایئر لائن کے ذریعے صوبائی دارالحکومت لاہور پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے مہمان بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ، جہاں پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے ذاکر خان نے ان کا علامہ اقبال ایئر پورٹ پر استقبال کیا، ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں نجی ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔

مہمان ٹیم محمود اللہ (کپتان)، اوپنر تمیم اقبال، سومیا سرکار، نعیم شیخ، نجم الحسن شانتو، لٹن کمرداس، ایم ڈی متھن، عفیف حسین دھرو، مہدی حسن، امین الاسلام، مصطفی الرحمان، شفیع الاسلام ، الامین حسین، روب اور حسن محمود پر مشتمل ہے۔

اس سے قبل بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ مہمان ٹیم شارجہ پہنچ چکی ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، یہ میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم ہوم سیریز میں 24 جنوری کو مہمان ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹی20 میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گی۔

ورلڈ ٹی 20 رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود پاکستانی ٹیم کا ٹی20 فارمیٹ میں بنگلا دیش کے خلاف پلڑا ہمیشہ بھاری رہا ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بنگلا دیش کے خلاف پاکستان اب تک 10 میں سے 8 میچز میں فتح حاصل کر چکا ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے 2008 میں بھی ٹی 20 سیریز کے لیے بنگلا دیش کی میزبانی کی تھی۔ 20 اپریل 2008 کو کراچی میں کھیلے گئے ٹی20 میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 102 رنز سے ہرایا تھا۔دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2016 میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی تھیں۔ 16 مارچ 2016 کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 55 رنز سے شکست دی تھی۔

اسی طرح دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ 2 ستمبر 2007 کو کینیا کے شہر نیروبی میں آمنے سامنے آئی تھیں، جہاں پاکستان نے 30 رنز سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔میچ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے شعیب ملک حالیہ سیریز میں قومی سکواڈ کا حصہ ہیں تاہم جمعے سے شروع ہونے والی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت نوجوان بیٹسمین بابر اعظم کر رہے ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان تینوں ٹی20 میچز دن کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔

میچز کے لیے ٹاس دوپہر ڈیڑھ بجے ہو گا جبکہ تینوں روز میچ میں کھیل کا باقاعدہ آغاز دن 2 بجے ہو گا۔27 جنوری کو آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے بعد مہمان ٹیم 28 جنوری کو وطن واپس روانہ ہو جائے گی جس کے بعد 7 فروری کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے اس کی دوبارہ واپسی ہو گی۔

اس کے بعد سیریز کا واحد ایک روزہ میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ بھی 5 سے 9 ااپریل تک کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں