لیاقت آباد، ہندو آبادی کے 100 جھونپڑے جل گئے 141

لیاقت آباد، ہندو آبادی کے 100 جھونپڑے جل گئے

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے باگڑیوں کی کچی آبادی میں آگ لگنے سے 100 سے زائد جھوپڑے جل گئے۔

پولیس کے مطابق آبادی کے ڈھائی سو سے زائد مکینوں کو محفوظ کرلیا گیا ہے جبکہ فائر بریگیڈ کے مطابق لیاقت آباد میں تین ہٹی کے قریب لیاری ایکسپریس وی کے فلائی اوور کے نیچے ندی کنارے ہندو باگڑیوں کی کچی آبادی میں رات ساڑھے 10 بجے آگ لگ گئی۔

لیاقت آباد، ہندو آبادی کے 100 جھونپڑے جل گئے
پولیس کے مطابق آبادی کے ساتھ ہی مرکزی شاہراہ پر پولیس چیکنگ میں مصروف تھی کہ آگ کے شعلے دیکھ کر پولیس اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور اس دوران فائر بریگیڈ کو بھی آگ بجھانے کے لیے طلب کرلیا۔

فائر بریگیڈ کے عملے کے پہنچنے اور رات سوا 11 بجے تک آگ بجھانے کی کوششوں تک کچی آبادی کی لگ بھگ ایک سو جھونپڑے جل کر خاکستر ہوگئے تھے تاہم فائر فائٹرز نے 4 سے زائد گاڑیوں کی مدد سے رات گئے تک آگ مکمل طور پر بجھادی۔

فائر بریگیڈ کے مطابق آگ بجھانے کے لیے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی تھی جس پر واٹر بورڈ حکام سے رابطہ کیا گیا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللّٰہ خان کی ہدایت پر واٹر بورڈ کے ٹینکرز کے ذریعے پانی کی کمی پوری کی گئی۔

لیاقت آباد، ہندو آبادی کے 100 جھونپڑے جل گئے
لیاقت آباد تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر لیاقت حیات خان کے مطابق آتشزدگی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے بروقت پہنچ کر پوری آبادی کو خالی کرا لیا تھا اور علاقہ مکینوں کی مدد سے آبادی کے بیشتر مکینوں کا سامان بھی بچا لیا تاہم بیشتر جھونپڑوں کا سامان بھی مکمل طور پر جل گیا۔

فائر برگیڈ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی پولیس اس سلسلے میں تحقیقات کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں