بابراعظم آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں شمولیت پر خوشی سے سرشار 194

بابراعظم آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں شمولیت پر خوشی سے سرشار

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں دوسری مرتبہ شامل ہونے پر خوشی سے سرشار ہیں جن کا کہنا ہے کہ ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں نے ہمیشہ مجھے بے حد سپورٹ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بابراعظم نے سال 2019ءمیں 20 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 60.66 کی اوسط اور 92.30 کے سٹرائیک ریٹ سے 1092 رنز بنائے جن میں تین سنچریاں اور چھ نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ بابر نے اپنی پہلی سنچری ٹرینٹ برج میں انگلینڈ کیخلاف سکور کی اور نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں101رنز ناٹ آﺅٹ اننگز کھیلی جبکہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سری لنکا کے خلاف 115 رنز کی اننگز بھی کھیلی۔

آئی سی سی نے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کے سلسلے کا آغاز 2004ءمیں کیا تھا جس کے بعد سے اب تک مختلف ادوار میں 8 پاکستانی کرکٹرز یہ اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں، 2005ءمیں انضمام الحق اور رانا نوید الحسن، 2009ءاور 2011ءمیں عمر گل، 2012ءمیں شاہد آفریدی اور سعید اجمل، 2013ءمیں سعید اجمل، 2014ءمیں محمد حفیظ جبکہ 2017ءمیں بابر اعظم اور حسن علی آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا حصہ رہ چکے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بابراعظم نے کہاکہ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور جیوری کا شکرگزار ہوں جس نے میری کارکردگی کو سراہتے ہوئے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل کیا، ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں نے بھی ہمیشہ مجھے بے حد سپورٹ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان اعزازات سے کھلاڑیوں کو میدان میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کا حوصلہ ملتا ہے، میں پرامید ہیں کہ آئندہ سال آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں مزیدکئی پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہونگے، بابر اعظم نے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر 2019ءمیں جگہ بنانے پر ندا ڈار کو بھی مبارکباد دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں