276

ہیکرز ای میل سرور پر حملے کرکے وائرس پھیلا رہے ہیں، مائیکروسافٹ

ہیکرز ای میل سرور پر حملے کرکے وائرس پھیلا رہے ہیں، مائیکروسافٹشیئرٹویٹ

کیلیفورنیا: مائیکروسافٹ نے خبردار کیا ہے کہ ہیکروں کا ایک گروہ ’ایکسچینج ای میل سرورز‘ پر حملہ کرکے وائرس یعنی میل ویئر پھیلارہے ہیں جن میں عام وائرس، ٹروجن ہارس، اسپائی ویئر اور تاوان لینے والے رینسم ویئر تک شامل ہیں۔ اس کی وجہ سے ہزاروں ای میل سرور خطرناک حملوں کی زد میں ہیں۔

جمعرات کو مائیکروسافٹ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس میل ویئر کو ڈیئرکرائے یا ڈوجہ کرِپٹ کا نام دیا گیا ہے اور چینی ہیکرز کا ایک گروہ جس کا نام ’ہیفنیئم‘ ہے وہ ان سرور کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھارہا ہے۔ کمپنی کے مطابق ہیفنیئم وہ بنیادی گروہ ہے جونظام میں موجود بنیادی کمزوریوں کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ اس کے باوجود دو مزید گروہ ایسے ہیں جو ایکسچینج سرورز کو نشانہ بنارہے ہیں۔

رینسم ویئر کے ماہر مائیکل جیلسپائی کہتے ہیں کہ امریکا، کینیڈا اورآسٹریلیا کے کئی سرور ڈیئرکرائےوائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ سب سے پہلے مائیکروسافٹ کو انٹرنیٹ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی ’گِٹ ہب‘ میں ہیکرز کی چھیڑ چھاڑ محسوس ہوئی اور اس کی رپورٹ بھی شائع کرائی ہے۔ ایک اور کمپنی نے 82 ہزار سرورز میں ایسی کمزوریاں اور زدپذیری کو نوٹ کیا ہے جو معاملے کو مزید مشکل بنارہی ہیں۔ اس کے علاوہ بینکوں اور صحت کے نظام سے وابستہ سیکڑوں ویب سائٹس اور سرورز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔