769

کیا فیصل واوڈا نے توہین رسالت کی؟

کچھ دن پہلے آبی وسائل کے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ایک پرائیویٹ چینل کے پروگرام میں کچھ غیر محتاط اور جاہلانہ طرز تکلم اپناتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بارے میں غیر ضروری مبالغہ آرائی سے کام لیا.میں سمجھتا ہوں ہمارے سیاستدان بعض اوقات حد سے گزر جاتے ہیں اور شرعی حدود اور اخلاقی قیود کی پاسداری کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے لیڈر کے بارے میں وہ کچھ کہہ جاتے ہیں جو قطعا نہیں کہنا چاہیے.اس غیر ضروری مبالغہ آرائی کا صرف اور صرف ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ میں اپنے لیڈر کی نظروں میں اور پاپولر ہوجاوں.ایسے لوگوں کا مقصد صرف اور صرف جی حضوری ہوتا ہے,کسی نبی ,پیغمبر یا کسی مرد صالح کی توہین ہر گز نہیں ہوتا.یہ کام پہلے بھی ہوتا رہا ہے ,اب بھی ہورہا ہے اور شاید آئیندہ بھی ہوتا رہے.پوری دنیا میں جمہوریت اور کارپوریٹ سرمائے نے اخلاقی اور مذہبی اقدار کو تباہ و برباد کردیا ہے.ہمارے سیاستدان اخلاقی اور مذہبی اصولوں کو پس پشت ڈال کر سیاست کررہے ہیں جو عصر حاضر کا بہت بڑا المیہ ہے.
اب آتے ہیں فیصل واوڈا کے اس بیان کی طرف جس کی وجہ سے ہمارے علماء نے اس پر کفر کا فتوی لگا کر تجدید ایمان اور تجدید نکاح وغیرہ وغیرہ کا حکم لگایا ہے.فیصل واوڈا نے کہا”عمران خان کو پذیرائی ملک کے اندر مل رہی پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ یہ اللہ کے بعد ایک بڑا آدمی ہے.اگر اللہ میاں کے بعد آپکو ایک بڑے سٹیچر کا لیڈر ملا ہےas prime minister اور آپ پاکستانی قوم کو ایک چیز دے رہا ہے”یہاں تک فیصل واوڈا بات کرتے ہیں پھر اینکر صدف انہیں روکتی ہے کہ آپ یہ کیا کہہ رہے ہیں اس پر واوڈا کہتے ہیں صدف صاحبہ میں بہت کلیئر ہوں.(یہ واوڈا کے بعینہ وہ الفاظ ہیں جو میں نے ویڈیو میں سنے ہیں)
اب اگر آپ عالم دین اور مفتی کی حیثیت سے ان الفاظوں پر غور کریں تو فیصل کہہ رہا ہے پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ یہ اللہ کے بعد ایک بڑا آدمی ہے.اب اگر دنیا کہہ رہی ہے تو فیصل واوڈا نے دنیا کا نقطئہ نظر پیش کیا ہے اسکا اپنا نقطئہ نظر نہیں ہے اور اگر دنیا یہ نہیں کہہ رہی تو واوڈے نے جھوٹ بولا ہے.اس جھوٹ بولنے پر اسکی تکفیر نہیں کی جاسکتی.اسکا اگلا جملہ ہے جو اسکا اپنا ہےاسکو دیکھیں”اگر اللہ میاں کے بعد آپکو ایک بڑے سٹیچر کا لیڈر وزیراعظم کی حیثیت سے ملا ہے” اس جملہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی گستاخی یا عمران کا رسول اللہ سے بڑا ہونا کہاں ثابت ہورہا ہے?وہ کہہ رہا ہے کہ پاکستانیوں کو اللہ کے بعد اس ملک میں بڑے سٹیچر کاوزیراعظم ملا ہے.اس نے یہ تو نہیں کہا کہ پیغمبر ملا ہےیارسول ملا ہے.
اس بیان کے بعد لاہور سے ایک جماعت کے سربراہ نے فتوی داغ دیا ہے کہ واوڈا دائرہ اسلام سے خارج ہوچکا ہے اس لیے اسے تجدید ایمان اور تجدید نکاح کرنا چاہیے.یہ صاحب پہلے بھی بہت سے لوگوں کو دائرہ اسلام سے خارج کر چکے ہیں ان کے نزدیک صرف یہ خود ہی دائرہ اسلام میں داخل ہیں باقی سب خارج ہیں.سستی شہرت کے حصول کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری پر بھی ان کی طرف سے کفر کا فتوی صادر ہوچکا ہے.ناصیبت کو اہل سنت کے اندر پھیلانے میں حضرت صبح شام مصروف عمل ہیں.بس شہرت چاہیے یا سینٹ کی سیٹ چاہیے باقی سب جائز ہے.کیا فیصل واوڈا نے اللہ کے رب ہونے کا,اسلام کے دین ہونے کا یا آقاء علیہ الصلوةوالسلام کے رسول ہونے کا انکار کیا ہے,کیا واوڈا نے وقوع قیامت کا انکار کیا ہے کہ اسے دوبارہ کلمہ پڑھایا جائے?
کہاں گئے ہمارے وہ اصول کہ امت کا اس بات پر اجما
ع ہے کہ اہل قبلہ کی تکفیر نہیں کی جائے گی???کہاں گئے ہمارے وہ اصول کہ اگر ننانوے کفریات موجود ہوں ایک نشانی اسلام کی ہو تو پھر بھی تکفیر نہیں کی جائے گئ???خدا جانے ہم اہل سنت اتنے متشدد کیوں ہوگئے ہیں.جو کام پہلے انتہاء پسند اور دہشت گرد کرتے تھے ہم نے سنبھال لیے ہیں.ستر سال سے خاموش رہے تعداد میں کم افراد نے ہم پر حکومت کی اب اگر تھوڑی بیداری آئی تو ہم نے اسے تشدد کے سپرد کر دیا..
جن جھروکوں سے تمنا تھی کہ پھول برسیں گے
وہی آئے تو چمکتے ہوئے خنجر آئے.
فیصل واوڈا اورفیاض الحسن چوہان کا معاملہ الگ الگ ہے.چوہان اس لیول کا نہیں تھا کہ اسے وزیر بنایا جاتا.میں تو کافی عرصے سے توقع کررہا تھا کہ اسکو وزارت سے الگ کر دیا جائے گا.بہت دیر کی ہے عمران خان نے.وہ ایک بدتمیز آدمی ہے. جماعت اسلامی میں رہنے کے باوجود اس نے کوئی اچھائی حاصل نہیں کی.فیصل واوڈا کے غیر محتاط بیان کے باوجود پارٹی کے لیے اسکی خدمات ہیں.اس لیے میری اور آپ کی خواہش کے مطابق کچھ نہیں ہوگا.پارٹیاں اپنے مفادات کے تحت لوگوں کو داخل یا خارج کرتی ہیں حضور..!آپ اہل سنت کا امیج بلا وجہ تباہ برباد نہ کریں.یاد رکھیں..! آپ کے لیے اپنی بکھری طاقت کو اکٹھا کرنے کا بہترین موقع تھا جو آپ نے گنوا دیا ہے اب مزید ایسی “چولیں”مار کر بربادی کو عمیق تر نہ بنائیں.اگر دیگر سب خاموش ہیں تو آپ بھی خاموش رہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں