electricity 365

پاکستان میں بجلی کا بریک ڈاؤن: رات بھر کی تاریکی کے بعد مختلف شہروں میں بحالی کا عمل جاری

پاکستان میں بجلی کا بریک ڈاؤن: رات بھر کی تاریکی کے بعد مختلف شہروں میں بحالی کا عمل جاری
پاکستان میں سنیچر کی رات کو بجلی کا ایک بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس کے بعد ملک کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، اور اب حکام کے مطابق بجلی کی بحالی کا عمل مرحلہ وار جاری ہے۔

وزارتِ توانائی نے اب سے کچھ دیر قبل دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کے ضلع گجرات ضلع منڈی بہاالدین کے تمام گرڈ سٹیشنز پر بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

وزارت کے مطابق اسلام آباد، پشاور، ملتان، جہلم، گجر خان اور مظفر گڑھ میں بجلی کی بحالی شروع ہو چکی ہے جبکہ کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی نجی کمپنی کے الیکٹرک کے بھی کئی فیڈرز کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

کے الیکٹرک کے مطابق کراچی کے کچھ مقامات پر بجلی بحال کی گئی ہے جبکہ اس کی انجینیئرنگ ٹیمیں بجلی کی بحالی کے لیے کام کر رہی ہیں۔

تاہم اس حوالے سے آزادانہ تصدیق نہیں کی جا سکی ہے کہ ملک کے کن علاقوں میں بجلی بحال ہو چکی ہے۔

پاکستان کے پاس بجلی اضافی ہے تو پھر بھی لوڈشیڈنگ کیوں

صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملتان، راولپنڈی اور فیصل آباد سمیت چاروں صوبوں کے متعدد شہر اس بریک ڈاؤن سے متاثر ہوئے ہیں۔

صحافی ایم اے جرال کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے تمام چھوٹے و بڑے شہروں کے علاوہ دیہاتوں میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا۔

وزارتِ توانائی کی جانب سے بتایا گیا کہ 11 بج کر 41 منٹ پر گڈو بجلی گھر میں فنی خرابی پیدا ہوئی ہے جس کی وجہ سے ملک کی ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہوئی ہے۔

گڈو تھرمل پاور سٹیشن سندھ کے ضلع کشمور میں دریائے سندھ کے کنارے پر واقع ہے اور اس کا شمار پاکستان کے بڑے بجلی گھروں میں ہوتا ہے۔
وزارتِ توانائی کا مزید کہنا ہے کہ تربیلا اور وارسک بجلی گھروں کے متعدد یونٹس چلا دیے گئے ہیں، جبکہ این ٹی ڈی سی کے سنگجانی اور مردان گرڈ میں بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

تاہم وزارت کے مطابق ابھی انفرادی فیڈرز کی بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی عمر ایوب خان نے ٹوئٹر پر بتایا کہ بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوئینسی اچانک 50 سے صفر پر آنے کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہے۔

انھوں نے بتایا کہ فریکوئینسی اچانک گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔