وفاقی حکومت 309

وفاقی حکومت نے 5 نئے وفاق المدارس کے قیام کی منظوری دے دی

وفاقی حکومت نے 5 نئے وفاق المدارس کے قیام کی منظوری دے دی
اسلام آباد وفاقی حکومت نے علما کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے پانچ نئے وفاق المدارس کے قیام کی منظوری دے دی۔

وزارت تعلیم نے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظوری کے بعد پانچ نئے وفاق المدارس کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ وزارت تعلیم کی جانب سے ہونے والی تقریب میں وزیر تعلیم شفقت محمود نے بورڈ کی اسناد تقسیم کیں ، اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری سمیت مختلف مسالک کے 70 علما موجود تھے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے مدارس کے بورڈز کیلئے16 رجسٹرڈ دفاتر قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے اتحاد مدارس العربیہ پاکستان (دیوبند) کو بورڈ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اتحاد مدارس الاسلامیہ پاکستان (اہلحدیث)، نظام المدارس پاکستان (بریلوی منہاج القران)، مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمت (اہل تشیع) اوروفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان (بریلوی) کو بورڈ کا درجہ دیا گیا ہے۔
نئے بورڈز کے قیام کی منظوری کے حوالے سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ نئے بورڈز کا ہر سطح پر خیر مقدم کیا جائے گا، مدراس کی تعلیم میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی اور نہ ہی نصاب میں کوئی تبدیلی کی جائے گی، نئے بورڈز کے قیام سے تعلیم کے میدان میں بہتری کا موقع ملے گا۔