Ali sadpara 198

لاپتہ کوہ پیماؤں کا تیسرے روز بھی سراغ نہیں مل سکا

محمد علی سدپارہ اور ساتھیوں کی K-2 پر مہم جوئی: لاپتہ کوہ پیماؤں کا تیسرے روز بھی سراغ نہیں مل سکا، ریسکیو آپریشن جاری
دنیا کی دوسری سب سے بلند چوٹی K-2 کو سر کرنے کی کوشش کے دوران لاپتہ ہونے والے تین کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے پاکستان آرمی کے دو ہیلی کاپٹروں پر مشتمل ریسکیو آپریشن آج (پیر) بھی جاری ہے۔

پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ، آئس لینڈ کے جان سنوری اور چلی کے جوان پابلو موہر جمعے کی شام سے لاپتہ ہیں۔ ان کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں جن میں تاحال کوئی کامیابی نہیں مل سکی۔

کوہ پیمائی کی گائیڈ کمپنی سیون سمٹ ٹریکس کے مینیجر داوا شرپا، جو کے ٹو بیس کیمپ پر موجود ہیں، نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ آرمی کے ہیلی کاپٹروں نے پیر کی صبح تقریباً 7000 میٹر کی بلندی تک پرواز کی تاکہ لاپتہ کوہ پیماؤں کا سراغ لگایا جا سکے۔

ان کے مطابق لکپا ڈینڈی اور انھوں نے ان علاقوں کا چکر لگایا جن کے جغرافیے سے وہ آگاہ ہیں۔ داوا شرپا کے مطابق کے ٹو کی بالائی سطح بادلوں سے مکمل طور پر ڈھکی ہوئی ہے اور چوٹی پر حد نگاہ بہت کم ہے۔