تجارت 219

تجارت

فیصل آباد: دیسی آٹے کی قیمت 75 سے 80 روپے کلو، گندم 2400 روپے من تک جا پہنچی
فیصل آباد:فیصل آباد میں آٹے اور گندم کی قیمت ایک بار پھر سے انتظامیہ کے قابو سے باہر نکل گئی۔ دیسی آٹے کی قیمت 75 سے 80روپے فی کلوگرام جبکہ گندم 2400روپے من تک جاپہنچی۔

ناجائز منافع اور ذخیرہ اندوزوں کے سامنے فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک بے بس ہو گیا۔ آٹے اور گندم کی قیمتیں ایک بار پھر سے اونچی اُڑان بھرنے لگیں۔ آٹا چکیوں پر دیسی آٹا 75 سے 80 روپے فی کلو گرام اور اوپن مارکیٹ میں گندم 2400روپے من تک پہنچ گئی ہے۔

قیمتوں میں ہونے والے ہوش رُبا اضافے پر شہری انتظامیہ کو کوسنے لگے ہیں۔ آٹے اور گندم کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے متعلق ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی کہتے ہیں کہ گندم کی قیمت بڑھنے سے کچھ مسائل کا سامنا ہے، البتہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گندم اور آٹے کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو اگر فوری کنٹرول نہ کیا گیا تو آئندہ دنوں قیمتیں مزید بڑھنے کے ساتھ ساتھ گندم اور آٹے کا فقدان بھی پیدا ہوسکتا ہے۔