سیرت صحابہ کرام رضی اللہ عنہ 16

حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ – فتوحات

51 / 100

حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ – فتوحات
خلیفۂ دوم حضرت عمربن خطاب رضی اللہ عنہ کے زمانے سے عظیم الشان فتوحات کاجوبے مثال سلسلہ چلاآرہاتھا ٗاب خلیفۂ سوم کے زمانے میں بھی وہی سلسلہ کافی حدتک جاری رہا، خصوصاًابتدائی چندسالوں میں بڑے پیمانے پرفتوحات ہوئیں ،اسلامی لشکربیک وقت ایک جانب ایشیااوردوسری جانب افریقہ میں پیش قدمی کرتارہا،اسلامی ریاست وسیع سے وسیع ترہوتی چلی گئی،طرابلس اورمراکش فتح ہوئے،افغانستان ٗ خراسان اورترکستان کے بہت سے حصے اسلامی ریاست میں شامل ہوئے ،آرمینیااورآذربائیجان کی فتح کے نتیجے میں اسلامی ریاست کی حدودقوقازاورکوہِ قاف تک جاپہنچیں ۔ خلیفۂ دوم کے زمانے میں روئے زمین کی عظیم ترین قوت سلطنتِ فارس کااگرچہ خاتمہ ہوچکاتھا،البتہ وہاں کامفرورفرمانروا ’’یزدگرد‘‘اب بھی مسلسل اِدھراُدھربھاگ دوڑ میں مشغول تھا،اسے جب موقع ملتاوہ مسلمانوں کے خلاف کوئی نہ کوئی کارروائی کردیتا…یوں وقتاًفوقتاًچھوٹی بڑی مختلف چھڑپوں کی نوبت آتی رہتی تھی ،آخراب خلیفہ ٔ سوم کے زمانے میں ’’مرو‘‘کے مقام پرایک چھڑپ کے دوران وہ ماراگیا…یوں مسلمانوں کے ہاتھوں فارس کی فتح کی اب تکمیل ہوگئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں