آرمی چیف پاکستان بیان 10

”جوان ہوشیار رہیں“ آرمی چیف نے الرٹ کر دیا

5 / 100

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شر پسند عناصر کی جانب سے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں جوانوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت کرتےہوئےکہاہے کہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہم دہشت گردوں اور اُن کے سہولت کاروں کو کیفرکردار تک نہ پہنچائیں،پاکستان اور افغانستان دونوں موجودہ حالات میں کسی بد امنی اور انتشار کے متحمل نہیں ہو سکتے کیونکہ اس کے نتائج خطرناک ہوں گے،ہمارے دل پہلے بھی ساتھ دھڑکتے تھے اور اب بھی ہم آپس میں جڑ ے ہوئے ہیں،ہمہ جہتی اور اتحاد ہی وقت کی ضرورت ہے،ہم آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان دینے کیلئے کوشاں ہیں،سرحدوں کی حفاظت اور بارڈر مینجمنٹ سسٹم پاکستان کے امن کے عزم کی حقیقی عکاس ہیں، پشاورمیں مدرسے پر حملہ دراصل اسلام دشمنی ہے،مدرسہ، منبر، مساجد، امام بارگاہیں، گرجا، مندر، تعلیمی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ معصوم شہری ان کا نشانہ ہیں ،ہمارا دکھ کل بھی مشترک تھا اورآج بھی،دشمن کل بھی وہی تھا، دشمن آج بھی وہی ہے،کل بھی قوم نے دشمن کو مسترد کیا اور دہشت گرد نظریے کو شکست دی، آج بھی ہم متحد ہیں اور مل کر اس کا مقابلہ کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے اپردیر مالاکنڈ ڈویژن کا دورہ کیا ہے۔ آرمی چیف نے سنگلاخ اور دشوار گزار علاقے میں بارڈر فینسنگ ٹروپس کی کارکردگی کو سراہا۔ کورکمانڈرپشاورلیفٹیننٹ جنرل نعمان محمودنے آرمی چیف کااستقبال کیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے حالیہ دہشت گردی واقعات کے تناظرمیں جوانوں کوچوکنارہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ 16دسمبر2014کواے پی ایس پشاورمیں معصوم بچوں کوٹارگٹ کیاگیا،دشمن نے اپنی سیاہ تاریخ اورمذموم عزائم کودوبارہ پروان چڑھانے کے لیے مدرسے کے معصوم بچوں کوخون میں نہلایا،ان بچوں میں افغان مہاجرین کے بچوں کی بڑی تعدادبھی شامل تھی، ہم ہمیشہ اپنے افغان بھائیوں کے ہر دکھ اور سکھ میں شریک ہیں،یہاں بچوں ، اساتذہ اور خاندانوں کا دکھ بانٹنے آیا ہوں۔ ہمارا کل بھی دکھ مشترکہ تھا اور آج بھی، انہوں نے کہا کہ دشمن کل بھی وہی ہے اور آج بھی وہی ہے، ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،مدرسہ سے دشمنی دراصل اسلام سے دشمنی ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم نے دہشت گردوں کے بیانیے کومستردکرتے ہوئے بے مثال یکجہتی کامظاہرہ کیا،ہم اس بے مثال یکجہتی کے جذبے کے تحت ایک ہیں، ہم کل بھی متحد تھے اور آج بھی متحدہیں ،آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کوبارڈرمینجمنٹ سسٹم پربریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ بارڈرمینجمنٹ سسٹم ملک کے امن کے عزم کا حقیقی عکاس ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج زخمی بچوں اور دیگر افراد کی عیادت بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں