noor ul haq qadri 178

تراویح، اعتکاف، نماز جمعہ پر فیصلہ 18 اپریل کو ہوگا

وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں تراویح، اعتکاف اور نماز جمعہ سمیت باجماعت نمازوں کے بارے میں پورے ملک کے لیے فیصلہ 18 اپریل کو علمائے کرام کے ساتھ مشاورت اور مفاہمت سے کیا جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ حکومت کورونا سے محفوظ اور عبادات سے بھر پور رمضان کے لیے اقدامات کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام مسالک کے جیّد علما اور دینی و سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
نور الحق قادری نے مزید کہا کہ اس حوالے سے انفرادی اور مقامی فیصلوں سے اجتناب کر کے اتفاق اور اتحاد کی فضا کو فروغ دیا جائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت مساجد کو آباد کرنے، رمضان المبارک کے روحانی ماحول اور نمازیوں کی زندگی اور صحت سب کو اہمیت دے ر ہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت صوبائی گورنرز اور صدر آزاد کشمیر کی موجودگی میں ویڈیو لنک پر اجلاس ہوگا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں وہ خود بھی شرکت کریں گے جبکہ وزیر داخلہ اعجاز شاہ، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز بھی صدر پاکستان کی معاونت کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں