606

ہمارے لیئے دنیا میں کامیابی کا سامان محبت اہل بیت ہے : صاحبزادہ نور الحق قادری

ہمارے لیئے دنیا میں کامیابی کا سامان محبت اہل بیت ہے : صاحبزادہ نور الحق قادری
کشمیر ، فلسطین اور یمن پر ظلم بین الاقوامی قوتیں کرا رہی ہیں: مفتی گلزار احمد نعیمی
(پ۔ر)پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر تشکیل دینے میں پی ٹی آئی حکومت مصروف ہے۔اسے مسجد نہیں بنا سکتے تو فحاشی کی اجازت بھی نہیں دے سکتے ۔ آئندہ یوم خواتین پر اس طرح کی فحاشی اور بد تہذیبی کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہاروفاقی وزیر برائے مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی جناب پیرزادہ نور الحق قادری نے چھٹی سالانہ خاتون جنت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ایک مطالبہ کے جواب میں کہا کہ یوم خواتین کو معنون کرنے کی بجائے نصاب تعلیم میں آپ کی سیرت کو شامل کیا جائے جس سے آنے والی نسلیں استفادہ کریں گی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میزبان کانفرنس مفتی گلزار احمد نعیمی سربراہ جماعت اہل حرم پاکستان نے کہا کہ سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کی محبت میں خدا و مصطفی کی رضا ہے۔ ہمیں ان روایات کو زندہ کرنا ہو گاجو محبتیں پروان چڑھاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مغربی ایجنڈے کو مسترد کرنا ہو گا۔ جسنڈا آرڈن کا اقلیتوں کے ساتھ سلوک اہل مغرب کیلئے ایک قابل تقلید نمونہ ہے۔مغرب کو ٹرمپ کے بیانیئے کی بجائے جسنڈا آرڈن کے ایجنڈے کو پروان چڑھانا ہو گا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی سینیٹر پروفیسر ابراہیم خان نے کہا کہ اسلامی ریاست میں خواتین کا بے حیائی اور فحاشی پر مبنی پلے کارڈز اٹھا کر بیہودگی پیدا کرنا قابل افسوس ہے ، اس کو روکنے کی ضرورت ہے۔ سید ثاقب اکبر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں یوم خواتین کو سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا سے منسوب کیا جائے اور سیدہ کائنات کی سیرت کو اجاگر کرنے کیلئے ہمیں بڑے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس عظیم کانفرنس کے انعقاد پر مفتی گلزار احمد نعیمی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت ہے اور ایسی کانفرنسز اتحاد امت کے فروغ کیلئے بڑااثاثہ ہوتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرے کو مضبوط کرنے کیلئے سیدہ فاطمہ جیسی مائیں تیار کرنا ہوں گی ورنہ اس ملک میں اغیار کی روایات یونہی پھیلتی رہیں گی۔کانفرنس سے خواجہ قطب الدین فریدی ، ڈاکٹر غلام محی الدین نقشبندی،سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیر عبید احمد ستی، صاحبزادہ کاشف گلزار نعیمی، پروفیسر نور حسین نعیمی اور بہت سے دیگر مقررین نے خطاب کیا کانفرنس میں کثیر تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں