مہاتیر اور اسرائیل  از قلم: مفتی گلزار احمد نعیمی 7 307

مہاتیر اور اسرائیل از قلم: مفتی گلزار احمد نعیمی

مہاتیر اور اسرائیل
از قلم: مفتی گلزار احمد نعیمی
مشرقی جزیروں سے عالم اسلام کا وہ نامور رہنماء منصئہ شھود پر آیاکہ طبیعت باغ باغ ہوگئی.چہرے کی وجاہت اور گفتگو کاکمال,شخصیت کی سنجیدگی اور اندر کا اطمینان بلا کا نظر آیا.مہاتیر بن محمد عالم اسلام کا ایک بہادر اور غیرت مند لیڈر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دورہ پر آیا اور اپنی یادوں کے بعض اہم بیانات چھوڑ کے گیاجو پاکستان کی تاریخ میں جلی حروف سے لکھے جائیں گے.متوسط طبقے سے اٹھنے والا ملائشیا کا 90 سالہ رہنماءمہاتیر بے شمار شخصی خصوصیات کا حامل ہے جسکی متانت اور ویزن نے ملائشیا کو ایک بڑا ایشین ٹائیگر بنا دیا ہے.
مہاتیر کے انداز گفتگو اور خیالات نے مجھے بہت متاثر کیا ہے.خصوصا اسرائیل کے حوالےسے جو بیان انہوں نے 22 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئےدیا وہ بہت ہی قابل تعریف ہے.انہوں نے کہا کہ ہماری دنیا میں اسرائیل کے علاوہ کسی سے دشمنی نہیں ہے.اسرائیل ایک ناجائر ملک ہے جو کسی کی ناجائر قبضہ کی زمین پر بنایا گیا ہے.ہم یہودیوں کے خلاف نہیں ہیں لیکن ناجائر قبضہ تو ڈاکو کرتے ہیں.کمال کا یہ بیان ہے.یہ بیان مہاتیر کی غیرت اسلامی کا بین ثبوت ہے.
اسی طرح جب امریکہ اور آسٹریلیا نے اپنے سفارت خانے القدس منتقل کرنے کا اعلان کیا تو مہاتیر بن محمد نے ایک بہت ہی جرآت مندانہ بیان کے ذریعے ان دونوں ممالک کو ایسا کرنے سے روکا.انہوں نے کہا اگر آسٹریلیا نے اپنا سفارت خانہ القدس منتقل کیا تو اسے خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا.انہوں نے کہا کہ القدس ایک متنازعہ علاقہ ہے.جب تک یہ تنازع ختم نہیں ہوتا اس وقت تک امریکہ اور آسٹریلیا کو اپنے سفارت خانے منتقل کرنے کا کوئی حق نہیں ہے.انہوں نے آسٹریلوی وزیر اعظم سکورٹ موریسن کو کھلی دھمکی دی کہ وہ اپنا سفارت خانہ القدس منتقل کرنے سے باز رہےورنہ اس کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے.
ملائیشیا میں ہر قوم اور ہر ملک کا باشندہ آسکتا ہے لیکن اسرائیلیوں کی ملائیشیا میں داخلے پر مکمل پابندی ہے.29 جولائی 2018 کو ملائیشیا میں پیرا سوئمنگ چمپین شپ کا انعقاد ہوا.اس چیمپین شپ میں اسرائیل کے کھلاڑیوں کے علاوہ دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو حصہ لینے کی اجازت تھی.مہاتیر بن محمد نے اس موقع پر کہا کہ ملائیشیا اسرائیل کے لیے نو گو ایریا ہے.جب ایک بین الاقوامی این جی او نے اس پابندی پر تنقید کی تو مہاتیر نے کہا کہ ملائیشیا کا قانون کسی اسرائیلی کو ملائیشیا میں داخلے کی اجازت نہیں دیتا اور ملائیشیا اپنے قانون میں کسی اسرائیلی کے لیے نرمی نہیں کرے گا.انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے وہ کسی این جی او کو نظر کیوں نہیں آتا.نوجوانوں بوڑھوں بچوں اور عورتوں کو جس طرح شھید کیا جارہا ہے وہ قابل مذمت ہے.اس صورت حال میں ملائیشیا کا موقف دوٹوک ہے اسرائیلیوں پر پابندی برقرار رہے گی.
ہمارے وزیر اعظم اپنے انتخاب سے پہلے طیب اردوان اور مہاتیر کی بڑی تعریفیں کرتے تھے اور انکے تجربات سے استفادہ کی باتیں کرتے تھے.میرا خیال ہے اب وقت ہے کہ وزیراعظم عمران خان مہاتیر محمد کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے پاکستان کی معاشی حالت کو سنوارنے کے لیے آئی ایم ایف کی بجائے ملائیشیا کے گروتھ ماڈل کو فالو کریں.ملائیشیا نے اپنے آپ کو بحران سے آئی ایم ایف کے سودی قرضوں کے بغیر نکالا تھا.اسی طرح مہاتیر محمد کی فارن پالیسی سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی فارن پالیسی مرتب کریں.ایک بات بالکل طے ہے کہ اسرائیل کے سرپرست چاہے وہ اسلامی دنیا کے ہوں یا امریکہ اور دیگر غیر اسلامی ممالک کےوہ اسرائیل کے مقابلے میں پاکستان کو کبھی مدد نہیں کریں گے.وہ اسرائیل کی درندگی کو مضبوط کرنے کے لیے پاکستان کو ہمیشہ انڈر پریشر رکھیں گے.
پاکستان میں ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد کا اسرائیل کے حوالہ سے اپنا پالیسی بیان جاری کرنا ہمارے لیے بہت ہی اہم ہے.اس ملک کے ایک بڑے طبقے کو اس بیان سے بڑا سہارا ملا ہے.اس بیان نے اسرائیل کے خلاف اٹھنے والی کمزور پاکستانی آوازوں کو بڑی تقویت بخشی ہے.پی ٹی آئی حکومت کے ابتدائی دنوں میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت عاصمہ حدید اور کچھ نام نہاد مفکر یہودیوں سے تعلقات بڑھانے کی کمپیئن کررہے تھے لیکن پاکستان پر حملہ میں انڈیا کے ساتھ اسرائیل کے ملوث ہونے کی وجہ سے انکو منہ کی کھانی پڑی اور وہ خاموش ہوگئے.اللہ نے اس ملک اور اسکی مخلص عوام کے لیے اس شر سے خیر کا پہلو نکالا.اب ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد کی پاکستان میں تشریف آوری اور انکے اسرائیل کے بارے میں بیان نے اسرائیل کے حامیوں کو بہت پیچھے دھکیل دیا ہے.اگر پاکستان ترکی ایران اور ملائیشیا مسلم دنیا میں اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تو یہ امت مسلمہ کو امریکہ اور دیگر مغربی قوتوں کے چنگل سے آزاد کرا سکتے ہیں.
میرا تو یہی خیال ہے.اللہ تعالی بہتر جانتا ہے.
طالب دعاء
گلزار احمد نعیمی

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں